پرویز مشرف اور ڈاکٹر محمد امجد کی جانب سے لاہور دھماکے کی مذمت

 
0
659

اسلام آباد جولائی24(ٹی این ایس ): آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئر مین اور سابق صدر پاکستان سید پرویز مشرف اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے لاہور میں ارفع کریم ٹاور کے قریب ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، سابق صدر سید پرویز مشرف نے دھماکے کے زخمیوں کی صحت یابی کے لیئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا جانا حکومت کے لیئے لمحہ ء فکریہ ہے ، ملک میں دہشتگرد وں کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کا فوری تدارک ہی اس مسئلے کا حل ہے، دہشتگرد اور ملک دشمن عناصر حکومتی اداروں کو اپنی پریشانیوں میں مگن دیکھ کر موقع غنیمت جا رہے ہیں اس لیئے ضروری ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیاسی معاملات کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی معاملات پر بھی کڑی نظر رکھنی چاہیئے، پولیس اہلکار ہمارے معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اس ادار ے کی قربانیاں ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے، آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے اپنے بیان میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیئے دعا کی ہے اور کہا ہے کہ ارض پاک کے دشمن ہمیں پھلتا پھولتا نہیں دیکھ سکتے اور شہریوں اور سیکیورٹی اداروں کو نشانہ بنایا جانا تشویشناک ہے۔