ٖپی آئی اے چیمبر کے ممبران کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس میں 10فیصد ڈسکاؤنٹ دے گی۔ ایئر مارشل ارشد ملک، آئی سی سی آئی پی آئی اے کی برانڈنگ کو بہتر کرنے میں بھرپور تعاون کرے گا۔ سردار یاسر الیاس خان

 
0
156

ادارے کی کارکردگی کو بہتر کرنے کیلئے ایئرمارشل ارشد ملک کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ میاں اکرم فرید

اسلام آباد 22 فروری 2021 (ٹی این ایس): پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے اپنی ٹیم کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور  چیمبر کے صدر یاسر الیاس خان کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کیے جس کے تحت پی آئی اے چیمبر کے ممبران اور ان کی فیملیز کو ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس پر 10فیصد ڈسکاؤنٹ دے گی۔

اس موقع پر بزنس کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے اب اپنے ریونیو کو بہتر کرنے کیلئے کارپوریٹ صارفین پر توجہ دے رہی ہے اور آئی سی سی آئی کے ساتھ ایم او یو پر دستخط انہی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر لائن کے مالی معاملات میں بہتری آنے کے ساتھ پی آئی اے چیمبر کے ممبروں کو 25 فیصد تک ڈسکاؤنٹ دینے پر غور کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پی آئی اے کو اپنے کارگو کاروبار کو بہتر بنانے میں تعاون کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نجی شعبہ کارگو بزنس میں اضافہ کرے تو پی آئی اے ان کیلئے مخصوص کارگو پروازیں شروع کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو ایک ایڈوائزری بورڈ کی ضرورت ہے جس میں چیمبرز کے نمائندگان کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے جلد ہی لاہور سے باکو کیلئے اور مارچ سے  ازبکستان کے لئے براہ راست پروازیں شروع کرے گی۔

ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ پی آئی اے کو چلانا ایک بہت ہی چیلنجنگ ذمہ داری ہے لیکن وہ اس کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پرعزم  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں پی آئی اے کو کمرشل بنیادوں پر بہتر انداز میں نہیں چلایا گیا لیکن اب ان کی پیشہ ور ٹیم کی کوششوں سے پی آئی اے کو دوبارہ اپنے ٹریک پر بحال کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کرونا وائرس نے ایوی ایشن انڈسٹری کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے میں پرانے ہوائی جہاز کی جگہ نئے اور بہتر کوالٹی کے ہوائی جہاز متعارف کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے ہیڈکوارٹر کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے بلکہ اس کے کاروباری ماڈل کو تبدیل کیا جا رہا ہے کیونکہ اب 70فیصد کاروبار شمالی اور جنوبی علاقوں کی طرف ہے جس کی وجہ سے پی آئی اے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے ان علاقوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹر کو ایئر لائنزکو بہتر سہولت دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے لئے بزنس پلان تیار کرنے کے لئے ایک مشاورتی ٹیم پاکستان پہنچی گئی ہے جو 8 ہفتوں اس کیلئے ایک بہتر بزنس پلان تیار کر کے دے گی تاکہ ایئرلائن کی سابقہ ساکھ اور مقام کو بحال کیا جا سکے۔

اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے ایئر مارشل ارشد خان کے ان اقدامات کو سراہا جو وہ پی آئی میں میں اصلاحات لانے کیلئے اٹھا رہے ہیں تاکہ ادارے کی سابقہ ساکھ اور کارکردگی کو بحال کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایئر لائنز کسی بھی ملک کی کاروباری اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں لہذا پاکستان کی بزنس کمیونٹی کو عالمی مارکیٹوں میں آسان رسائی فراہم کرنے کیلئے پی آئی اے کی کارکردگی کو بہتر بنانا اشد ضروری ہے تا کہ نجی شعبہ غیر ممالک کا دورہ کر کے کاروبار اور برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات سمیت پاکستان کے متعدد علاقوں میں سیاحت کوفروغ دینے کی عمدہ صلاحیت موجود ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پی آئی اے راولاکوٹ، مظفر آباد اور گلگت بلتستان سمیت دیگر اہم سیاحی مقامات کے لئے اپنی پروازیں شروع کرنے پر غور کرے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا اور معیشت کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے پی آئی اے کی طرف سے چیمبر کے ممبران کو ہوائی سفر میں ڈسکاؤنٹ فراہم کرنے پر ایئر مارشل ارشد ملک کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ اس رعایت سے تاجر برادری کو پاکستان کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے میں کافی سہولت ہو گی۔انہوں نے یقین دلایا کہ چیمبر پی آئی اے کی برانڈنگ کے فروغ میں بھرپور تعاون کرے گا۔

  فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین میاں اکرم فرید نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایئر مارشل ارشد ملک پاک فضائیہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر چکے ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ پی آئی اے کو بھی جلد ایک بہترین ایئرلائن میں تبدیل کرنے کے قابل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے ساتھ زیادہ سفر کرنے والوں کو مزید بہتر مراعات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو زیادہ سے زیادہ ممالک کے ساتھ ہوائی رابطوں کے ذریعے منسلک کیا جانا چاہئے جس سے پاکستان کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے میں معاونت ملے گی۔

معاہدے کے مطابق پی آئی اے اپنی بین الاقوامی اور ملکی پروازوں پر چیمبر کے ممبر ان اور ان کی فیملی کو اکانومی اور اکانومی پلس کلاس پر ڈسکاؤنٹ فراہم کرے گی۔ ممبران کو ڈسکاؤنٹ چیمبر کی طرف سے جاری کردہ لیٹر اور چیمبر کا ممبرشپ کارڈ فراہم کرنے پر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں اداروں کے نمائندگان پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو پی آئی اے اور چیمبر کے کاروباری مفادات کو فروغ دینے کے لئے کام کرے گی۔ اس کمیٹی کا ہر ماہ ایک اجلاس منعقد ہوا کرے گا جس میں باہمی کاروباری تعلقات کو مزید بہتر کرنے اور آپریشنل امور کو حل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔ معاہدے کے مطابق آئی سی سی آئی اپنی بلڈنگ کے نمایاں مقامات پر پی آئی اے کے برانڈنگ میٹریل کو آویزاں کرے گا۔ آئی سی سی آئی اپنے تمام پلیٹ فارمز سے پی آئی اے کی سروسز کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔ آئی سی سی آئی کے ممبران پی آئی اے کو آفیشل ٹریول پارٹنر کے طور پر استعمال کریں گے اور ملکی و غیر ملکی ہوائی سفر کیلئے پی آئی اے کو ترجیح دیں گے۔