تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے وار جاری، 2 اسکولوں کو سیل کر دیا

 
0
164

اسلام آباد 05 مارچ 2021 (ٹی این ایس): تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے وار جاری ہیں۔ کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر دو اسکولوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔کورونا کے باعث اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف سیون تھری کو سیل کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز ایف سیون تھری میں کورونا کے 7 کیسز سامنے آئے ہیں۔

اسلام آباد ماڈل کالج فار بوائز آئی ٹین ون کو بھی کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر سیل کر دیا گیا ہے، کالج میں کورونا کے 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد نے تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

ڈی ایچ او کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ فوری طور پر تعلیمی اداروں کو بند کر کے ڈس انفیکٹ کیا جائے۔

خط کے متن کے مطابق کورونا کیسز سے رابطہ میں رہنے والے افراد کو 14 دن کے لئے کورنٹین میں رکھے جانے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 45 ہزار78 ہے۔

این سی او سی کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اموات کی تعداد 504 تک پہنچ گئی ہے۔

عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں مزید52اموات اور ایک ہزار579 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد13 ہزار128 تک پہنچ گئی جبکہ متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 87 ہزار14 ہو گئی ہے۔