چیئرمین سینیٹ کیلئے جوڑ توڑ عروج پر، حکمران جماعت اور پیپلز پارٹی کے سیاسی جماعتوں سے رابطے

 
0
196

اسلام آباد 08 مارچ 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ کیلئے جوڑ توڑ عروج پر ہے اور اسی سلسلے میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس آج ہو گا۔ پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو چیئرمین سینیٹ کیلئے ق لیگ کا تعاون نہیں مل سکا۔ بلاول بھٹو کی چودھری برادران سے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چودھری شجاعت کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ہمارے گھر آئے ان کی عزت کرتے ہیں۔ تاہم حکومت کے اتحادی ہیں سینیٹ میں بھی ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بلاول بھٹو نے آصف زرداری کی جانب سے چودھری شجاعت کی خیریت دریافت کی۔

پیپلز پارٹی نے حکومت کی اہم اتحادی جماعت ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔

دوسری جانب پرویز خٹک اور صادق سنجرانی نے عوامی نیشنل پارٹی(اے این پی)کے وفد سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے چیئرمین سینیٹ کیلئے حکومتی امیدوار کیلئے حمایت مانگی ہے۔ وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کا اجلاس بھی آج طلب کیا ہے۔