ایوان بالا کا سلطان کون ؟ بڑا فیصلہ آج ہوگا

 
0
233

اسلام آباد 12 مارچ 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ (ایوان بالا) کون ہوگا؟ دونوں کا تعلق حکومت سے ہوگا؟ یا وہ اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے ہوں گے؟ فیصلہ آج ہوگا۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے مظفر شاہ سینیٹ اجلاس کے لیے پریزائیڈنگ افسر ہوں گے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سینیٹ کا اجلاس آج صبح دس بجے طلب کیا ہے۔ سینیٹ کے طلب کردہ اجلاس میں سب سے پہلے نومنتخب 48 سینیٹرز اپنے عہدے کا حلف لیں گے۔ حلف کے بعد اجلاس ملتوی کردیا جائے گا۔

اجلاس ملتوی کیے جانے کے بعد چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے کاغذات نامزدگی جمع کیے جائیں گے۔

سینیٹ کا اجلاس شام میں دوبارہ ہو گا جس میں ایوان بالا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو منتخب کیا جائے گا۔ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیا جائے گا۔

مظفر شاہ نو منتخب اراکین سینیٹ سے حلف لیں گے اور چیئرمین سینیٹ کا انتخاب کرائیں گے جس کے بعد نو منتخب چیئرمین ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب کرائیں گے اور پھر ڈپٹی چیئرمین سے حلف بھی لیں گے۔

پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے سید یوسف رضا گیلانی اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے مولانا عبدالغفور حیدری کے کاغذات نامزدگی حاصل کیے ہیں۔

حکومت کی جانب سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ اور مرزا محمد آفریدی کو ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

سینیٹ میں چیئرمین کا منصب اس سے پہلے حکومتی حمایت یافتہ صادق سنجرانی کے پاس تھا جب کہ ڈپٹی چیئرمین پی پی کے سلیم مانڈوی والا تھے۔