اسلام آباد 23 مارچ 2021 (ٹی این ایس): امریکی صدر جوبائیڈن نے صدر مملکت عارف علوی کو یومِ پاکستان پر مبارکباد دی ہے۔جوبائیڈن نے یومِ پاکستان کے موقع پر صدر عارف علوی کے نام خط لکھا جس میں انہوں نے پاکستانی قوم کو یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی۔
خط کے متن میں تحریر کیا گیا ہے کہ پاکستان امریکا پارٹنرشپ علاقائی امن و خوشحالی کے مشترکہ مقصد پر مبنی ہے۔
جو بائیڈن نے اپنے خط میں تحریر کیا کہ افغانستان میں قیام امن، کورونا وبا پر قابو پانے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے، ماحولیاتی تبدیلی اور مشترکہ چیلنجز پر قابوپانے کے لیے تعاون جاری رہے گا۔
امریکی صدر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مستقبل میں مضبوط بنائیں گے۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں یوم پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
یوم پاکستان کے تاریخ سازموقع پر توپوں کی سلامی سے دن کا آغازہوا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21/21 توپوں کی سلامی ہوئی۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر- اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی۔