وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ نے پانی چوری اورضیاع کو روکنے کیلئے پانی کی مرکزی لائنوں،ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس پر ڈیجیٹل فلومیٹر نصب کرنے کافیصلہ کر لیا

 
0
356

اسلام آباد 25 مارچ 2021 (ٹی این ایس): وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)انتظامیہ نے پانی چوری اورضیاع کو روکنے کیلئے پانی کی مرکزی لائنوں،ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس پر ڈیجیٹل فلومیٹر نصب کرنے کافیصلہ کیاہے۔اس ضمن میں166.419 ملین کاپی سی ون بھی منظور کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق شہر اقتدار میں جاری پانی کی چوری اور ضیاع کوروکنے اور پانی کے بہائو کے درست اعدادو شمار اکٹھے کرنے کیلئے وفاقی ترقیاتی ادارہ( سی ڈی اے)انتظامیہ نے پائلٹ پراجیکٹ کے طور پرپانی کی سپلائی کی مرکزی اور اہم لائنوں پر ڈیجیٹل فلومیٹر نصب کرنے کافیصلہ کیا ہے۔مذکورہ میٹر مختلف قطر کی پائپ لائنوں،ٹیوب ویلز اورواٹر فلٹریشن پلانٹس پر لگائے جائیں گے۔مذکورہ میٹرز کی تنصیب سے پانی چوری کو کنٹرول کیا جاسکے گا۔ان میٹرز کی مدد سے شہر میں پانی کے درست بہائو کے اعداد و شمار کا بھی اندازہ لگایا جاسکے گا۔سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے اعلی سطحی اجلاس میں مزکورہ منصوبے کاپی سی ون منظور کرلیا گیا ہے۔مذکورہ پائلٹ پراجیکٹس کے باعث سی ڈی اے انتظامیہ کو قدرتی وسائل کے موثراستعمال کیلئے رہائشی اورتجارتی علاقوں میں واٹر میٹرنگ نصب کرنے میں آسانی ہوگی۔