ایون فیلڈ ریفرنس ،نواز شریف کو 10 سال،مریم نواز کو 7سال قید اور کیپٹن (ر)صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنادی گئی

 
0
6144

اسلام آباد جولائی 06(ٹی این ایس)احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس کا کئی گھنٹے کی تاخیر کے بعد فیصلہ سنا دیا ہے جس کے مطابق نوازشریف کو دس سال قید ، 8 ملین پاونڈ جرمانہ ،مریم نواز کو سات سال قید ، دو ملین پاونڈ جرمانہ اور کیپٹن صفدر کو عیانت جرم میں ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔عدالت میں فیصلے میں ایوان فیلڈ فیلٹس بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم دے دیا ہے،احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد مریم نواز 10 سال کیلیے نااہل ہو گئیں جبکہ کیپٹن صفدر بھی الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق چار بار فیصلہ موخر کرنے کے بعد ساڑھے تین بجے فاضل جج کمرہ عدالت میں پہنچے تو میڈیا نمائندوں کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا اور دعویٰ کیاگیا کہ بند کمرے میں فیصلہ سنانا شروع کردیا گیا تاہم اب عدالتی عملے نے تردید کردی اور کہاہے کہ دراصل فیصلہ نہیں سنا رہے بلکہ مشاورت جاری ہے ،۔ ملزمان کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹرز کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔عدالت سے نکالے جانے پر میڈیا کے نمائندوں نے احتجاج شروع کردیا اور موقف اپنایا کہ 9 ماہ تک اوپن ٹرائل ہوا ہے لیکن آج جب اس کا حتمی مرحلہ تھا تو بند کمرے میں فیصلہ سنایا جارہاہے۔ بعدازاں عدالتی عملے نے واضح کیا کہ فیصلہ نہیں سنایا جارہا بلکہ وکلاء اور جج کے درمیان ڈسکشن چل رہی ہے ، عدالتی فیصلہ سناتے وقت میڈیا کو بھی بلا لیاجائے گا، اس وقت تک فیصلہ نہیں سنایا جارہا بلکہ مشاورت ہورہی ہے ، فیصلہ سنانے میں مزید تیس سے چالیس منٹ لگیں گے۔