وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی لاہور خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

 
0
561

کوئٹہ جولائی24(ٹی این ایس )وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے لاہور خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج وغم کااظہارکیاہے اورمتاثرہ خاندانوں سے تعزیت ،ہمدردی اوریکجہتی ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ بلوچستان کے عوام اورحکومت متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہیں اوراس گھناؤنی کاروائی میں ملوث عناصر کو فوری طورپر کیفرکردارتک پہنچانے کے خواہشمند ہیں۔اپنے ایک تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ ملک دشمن عناصر بدامنی اورافراتفری پیداکرکے پاکستانی قوم کے حوصلے پست کرنااورترقی کے جاری عمل کو روکناچاہتے ہیں تاہم وزیراعلیٰ نے کہاہے کہ دشمن کی اس گھناؤنی سازش اورناپاک عزائم کو قوم متحد ہوکر ناکام بنادے گی،ہماری بہادرسیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے سامنے سینہ سپر ہیں اورانہیں نیست ونابود کرنے کیلئے پوری طرح تیار اورپُرعزم ہیں۔ دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے تاہم بچے کچے دہشت گرد کمزوراہداف کو نشانہ بناکر معصوم اوربے گناہ لوگوں کا خون بہارہے ہیں جنہیں جلد کیفرکردارتک پہنچادیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے شہدأ کے درجات کی بلندی اورزخمیوں کی جلد صحتیابی کی دُعاکی ہے