پنجاب ڈرگ ایکٹ ترامیم کے لیے آئندہ ما ہ پنجاب اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائیگا‘رانا ثناء اللہ خان

 
0
363

لاہورجولائی24(ٹی این ایس ) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور جعلی ادویات کے خاتمے کے لیے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ پنجاب ڈرگ ترمیمی ایکٹ 2017 کو فارما ایکشن کمیٹی کے ساتھ متفقہ طور پر طے پانے والے نکات کی روشنی میں ترامیم کے لیے اگلے ماہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پیش کردیا جائے گا۔ حکومت فارماسسٹ اور کیمسٹ حضرات کی جانب سے حکومت پر اعتماد کا اظہار کرنے پر ان کے شکر گزار ہیں ۔ حکو مت ملک میں ادویہ سازی کی صنعت کے فروغ کے لیے تعاون اور اس کے پھلنے پھولنے میں حائل رکاوٹوں کو ہر ممکن طور پر دور کرے گی۔ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے فلیٹیز ہوٹل میں تیسری پاکستان فارما سمٹ کے موقع پر کیا۔ اس سمٹ میں صوبائی وزیر اطلاعات مجتبیٰ شجاع الرحمان، چیئر مین پاکستان فارما سیوٹیکل مینو فیکچرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر قیصر وحید ،سینئر وائس چیئر مین اعجاز صدیقی ،چیئر مین نارتھ زون ڈاکٹر طاہر اعظم کے علاوہ فارما انڈسٹر ی سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی مندوبین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی ۔رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ فارما نمائندگان سے کامیاب مذاکرات کی روشنی میں متفقہ طور پر طے پانے والے نکات منظوری کے لیے جلدوزیر اعلیٰ پنجاب کی خدمت میں پیش کیے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ فارما ایکشن کمیٹی کی جانب سے کل 7 نکات پیش کیے گئے تھے جن میں سے5 نکات پر مکمل جبکہ 2 نکات پر جزوی اتفاق رائے ہے۔وزیر قانون نے کہا کہ ڈرگ انسپکٹر مافیا سے نجات حاصل کر لی جائے تو فارما انڈسٹری کو بہتر انداز سے چلایا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا ڈرگ انسپیکٹنگ سسٹم پوری دنیا میں ختم ہو چکا ہے جبکہ ہم نے اسے ابھی تک اپنایا ہوا ہے۔انھوں نے کہا کہ فارما سیوٹیکل انڈسٹری کے مسائل انڈسٹری کی مشاورت اور تعاون سے ہی حل کیے جائیں گے۔ ہم حکومتی اقدامات کو آپ پر مسلط نہیں کریں گے تاکہ آپ کے لیے زیادہ مسائل پید ا نہ ہوں۔انھوں نے کہا کہ آئندہ ماہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فارما ایکشن کمیٹی کے ساتھ متفقہ طور پر طے شدہ نکات کی روشنی میں پنجاب ڈرگ ایکٹ 2017 کو ازسر نو پیش کیا جائے گا اور اسے آپکی امنگوں کے مطابق بنایا جائے گا۔