لاہور دھماکے جیسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ

 
0
342

لاہور جولائی25(ٹی این ایس): چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت کورہیڈ کوارٹرز لاہورمیں اجلاس ہوا، جس میں لاہوردھماکے کے تناظر میں سکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔ پاک فو ج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو آپریشن ردالفساد اور لاہور دھماکے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقعہ پرآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور دھماکے جیسے بزدلانہ حملے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتے۔

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عوام کاتعاون ضروری ہے۔دہشتگردی کیخلاف کامیابی کی کنجی قومی شرکت ہے۔ انہوں نے قوم سے درخواست کی ہے کہ عوام مشکوک نقل وحرکت سے سکیورٹی اداروں کوآگاہ کریں۔جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ دہشتگردی کیخلاف ہم سب کومتحد ہوکر لڑناہے۔ پاک فوج ،پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشتگرد ی کی لعنت کوجڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے،اورپاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ختم کردیں گے۔

آرمی چیف نے مزید کہاکہ پاکستان اور افغانستان دونوں ہی دہشتگردی کاشکار ہیں۔پاکستان افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانے ختم کرنے میں مدد کوتیارہے۔پاکستان میں حالیہ دہشتگردی میں غیرملکی عناصرکا کردار ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل ہسپتال میں کوٹ لکھپت سبزی منڈی کے قریب خودکش دھماکے کے نتیجہ میں زخمی ہونیوالے افراد کی عیادت کی،اور زخمیوں سے اظہارہمدردی بھی کیا۔