کورونا وائرس، این سی او سی نے ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق اہم قدم اٹھا لیا

 
0
12016

اسلام آباد 08 مئی 2021 (ٹی این ایس): ملک میں کورونا وبا کی پھیلاؤ کے باعث این سی او سی نے تعلیمی اداروں کی بندش میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی ہے۔

این سی او سی کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں تعلیمی اداروں کو 23 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، تعلیمی اداروں کی بندش میں توسیع وبا کے پھیلاؤ کی شرح کے باعث کی گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کے فیصلے پر نظر ثانی 18 مئی کو ہوگی، اس سے قبل این سی او سی نے تعلیمی ادارے 17 مئی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ اٹھارہ اپریل کو نیشنل کمانڈ آینڈ آپریشن سینٹر میں تعلیمی سیکٹر سے متعلق خصوصی اجلاس ہوا تھا، وزیرتعلیم شفقت محمود نے خصوصی اجلاس کی صدارت کی جہاں ڈاکٹر فیصل سلطان اور صوبائی وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے تھے۔

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ملک کے جن شہروں یا علاقوں میں آٓٹھ فیصد سے زائد مثبت کورونا کیسز ہونگے، وہاں تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔