وزیراعظم عمران خان کی احتساب کی پالیسی واضح ہے، اپوزیشن رہنما ہوں یا کابینہ کے ارکان، الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی، یہی نظام کی تبدیلی ہے، چوہدری فواد حسین

 
0
170

اسلام آباد 18 مئی 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی احتساب پالیسی واضح ہے، تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں، چاہے اپوزیشن رہنما ہوں یا کابینہ کے ارکان، الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی اور جوابدہی کا اصول لاگو ہوگا، یہی نظام کی تبدیلی ہے جس کا وعدہ تھا۔

منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں ہی ہو سکتا تھا کہ اگر الزامات لگیں تو تحقیقات ہوتی ہیں، نون لیگ اور پیپلز پارٹی کے دور میں میڈیا کے گلے بیٹھ جاتے تھے لیکن مجال ہے کان پر جوں بھی رینگے۔ یہی نظام میں تبدیلی ہے حکومتی اہلکاروں کو احتساب کا خوف ہونا چاہئے، طاقتور ترین لوگ بھی قانون سے مبراء نہیں۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ معاملے میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ہاو سنگ سوسائیٹیز کو فائدہ پہنچانے کیلئے رنگ روڈ کو 23 کلومیٹر تک بڑھایا گیا۔

اس فیصلے سے حکومت کو 20 ارب روپے اضافی زمین کی خریداری کی مد میں دینے پڑے۔ وزیر اعلیٰ کو کہا گیا تحقیقات کریں، کمشنر راولپنڈی کو کہا گیا کہ معاملے کو دیکھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کمشنر نے ابتدائی تحقیقات میں ان اطلاعات کی تصدیق کی، ان کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق سابق کمشنر راولپنڈی اور ان کے ساتھ مزید افسران اس اسکینڈل میں شریک تھے۔

مزید تحقیقات کیلئے معاملہ متعلقہ اداروں کو بھیجا جائے۔ ابھی تک اس معاملے میں کسی وزیر یا مشیر کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی احتساب پالیسی واضع ہے۔ تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں۔ اب چاہے وہ اپوزیشن کے رہنما ہوں یا کابینہ کے رکن افسر شاہی سے تعلق رکھتے ہوں یا کسی بھی ادارے سے، الزامات لگیں گے تو تحقیقات ہوں گی اور جوابدہی کا اصول لاگو ہو گا۔ یہی نظام کی تبدیلی ہے جس کا وعدہ تھا۔