نوجوان طبقہ وزیراعظم عمران خان کی ترجیح ہے، حکومت نوجوانوں کی ترقی ا کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کی نجی ٹی وی سے گفتگو

 
0
169

اسلام آباد 20 مئی 2021 (ٹی این ایس): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ ملک کا نوجوان طبقہ وزیراعظم عمران خان کی ترجیح ہے، حکومت نوجوانوں کی ترقی اور ان کو بااختیار بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، آئندہ دو ہفتوں کے دوران ملک کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کی مدد کے لئے ”کامیاب جوان ڈیجیٹل ایپ” شروع کی جائے گی، یہ ڈیجیٹل ایپ ایک کلک پر ملازمت اور ملازمت سے متعلق معلومات فراہم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے نوجوان مختلف محکموں اور شعبوں میں کاروبار کے مختلف مواقع حاصل کر سکیں گے جبکہ ایپ میں قرضوں کی درخواستوں سے متعلق شکایات بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق پورے ملک میں بغیر کسی سیاسی اثر و رسوخ کے کامیاب جوان پروگرام کے تحت نقد رقوم کی فراہمی کے عمل میں تیزی لائی ہے، حکومت نے نوجوانوں کو قرضوں کی سہولیات کے عمل کو بھی تیز کیا ہے، اب قرض کا عمل زیادہ وقت لینے کے بجائے 4 ماہ کے اندر مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منصوبے کے تحت حکومت نے مطلوبہ کاروباری منصوبے اور مہارت رکھنے والے نوجوانوں کو قرض دینے کے لئے اربوں روپے مختص کئے ہیں۔

عثمان ڈار نے ملک کے نوجوانوں کو یقین دلاتے ہوئے کہا کہ قرضوں کے لئے مسترد ہونے والی تمام درخواستوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور جائزہ لینے کے بعد تاخیر کے سبب آئندہ ایسے درخواست گزاروں کو ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مائیکرو فنانسنگ اداروں کے ساتھ بھی تعاون کر رہی ہے جس سے ملک میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقعوں میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دو سال میں ہم نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تقریبا 3 سے 4 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کے اہداف طے کئے ہیں جس کے لئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ ایک مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کئے گئے ہیں۔