ملک بہت مشکل وقت سے نکل چکا ہے، وزیراعظم

 
0
197

اسلام آباد 28 مئی 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بہت مشکل وقت سے نکل چکا لیکن خطرہ یہ ہے کہ ڈالر ملک سے باہر نہ جانا شروع ہو جائیں۔وزیراعظم عمران نے رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ مثبت ہے لیکن ڈر ہے کہ ڈالر ملک باہر نہ جانا شروع ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے ترقی ہوگی بیرون ملک سے مشینری منگوانی پڑے گی اور خطرہ یہ ہے کہ کہیں زیادہ ڈالر ملک سے باہر نہ جانا شروع ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں سے ملکی دولت میں اضافہ ہوتا ہے۔ ہمیں چین کی ترقی سے سیکھنا ہوگا۔ رشکئی اقتصادی زون کے علاقوں کی زمینیں نہ بیچی جائیں بلکہ لیز پر دیں۔

ملکی اناج بیچنے سے معاشی ترقی نہیں ہوتی،ہمیں ایکسپورٹ پر توجہ دینی ہوگی۔ صوبائی حکومیتں اور مرکز سرمایہ کاروں کے لیے آسانیاں پیداکریں۔

عمران خان نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ ہماری حکومت ایکسپورٹس کے فروغ کے لیے کا م کررہی ہے۔

ماضی میں ملکی معیشت تباہ تھی اور ادائیگیوں کے لیے پیسہ نہیں تھا۔ دوست ممالک نے مدد کی اور ہم مشکل وقت سے نکل گئے۔

ہم مشکل سے نکلے ہی تھے کہ کورونا کے چیلنج کاسامنا ہوا۔ کورونا کے دوران مکمل لاک ڈاؤن سے غریب کوکچل نہیں سکتے تھے۔ لاک ڈاؤن لگاتے تو ملک کاوہ حال ہوتا جو آج بھارت کا ہے۔

ملکی زراعت بہترہورہی ہے ،کسانوں کوادائیگیاں ہورہی ہیں۔ کھاد، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کی فروخت زیادہ ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے معیشت بڑھے گی لوگ امپورٹس کی طرف جائیں گے جس کو روکنا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جو چیزیں ہم منگواتے ہیں ان کو اپنے ملک میں بنا کر امپورٹس کم کی جا سکتی ہیں۔