وزیراعظم صاحب! آئین میں گورنر راج کا آپشن کس لیے ہے؟ اور کب استعمال ہونا ہے؟ خالد مقبول

 
0
166

اسلام آباد 01 جون 2021 (ٹی این ایس): ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی،حیدرآباد اور میرپورخاص کو آفت زدہ قراردیا جائے۔

انہوں نے یہ مطالبہ تاجر برادری کے ہمراہ ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرنے اور ذرائع ابلاغ سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص کے ٹیکسز معاف کیے جائیں۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ صوبوں کی بات کو غداری کہنا غلط ہے۔ انہوں ںے کہا کہ ریاست ماں ہے لیکن ہمارے شہر کو پیپلزپارٹی کی شکل میں ماں کا نہیں ایک ڈائن کا سامنا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ تاجر برادری سب سے زیادہ محب وطن ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہم تاجر برادری کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو ٹیکس دیتا ہے وہی محب وطن ہے۔

ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی ترقی کرتا ہے تو پورا ملک ترقی کرتا ہے۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ حکومت سندھ کے ساتھ اب تعاون نہیں کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ وزیراعظم صاحب! آئین میں گورنر راج کا آپشن کس لیے ہے؟ اور کب استعمال ہونا ہے؟

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے دعویٰ کیا کہ تاریخ میں گورنر راج کا آپشن سب سے زیادہ بھٹو صاحب نے استعمال کیا ہے۔