ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں اور نہ وہ پی ڈی ایم کا حصہ ہے، مریم نواز

 
0
148

اسلام آباد 09 جون 2021 (ٹی این ایس): مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں میں کوئی اختلاف نہیں سب ایک پیج پر ہیں اور پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کا وہی مؤقف ہے جو نواز شریف کا ہے البتہ پیپلز پارٹی اب پی ڈی ایم کا حصہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چیئرمین نیب ہیں۔ ایک کو ہٹا دیں ایک کو لگا دیں۔امریکہ کو پاکستانی اڈے دینے کے معاملے پر مریم نواز نے کہا کہ میں پاکستان میں امریکہ کو اڈے دینے کی حامی نہیں ہوں تاہم عالمی میڈیا سے پتہ چل رہا ہے کہ حکومت امریکہ کو فضائی اڈے دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی میرا ہدف نہیں ہے اور ہمارا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں اور نہ وہ پی ڈی ایم کا حصہ ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف بجٹ سے متعلق حکمت عملی پیش کریں گے جبکہ استعفوں کا فائدہ تب ہوتا جب پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں استعفے دیتیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے لوڈ شیڈنگ ختم کی تھی لیکن حکومت کی نااہلی عروج پر ہے جبکہ حکومت نے کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیا۔ ڈہرکی ٹرین حادثہ حکومتی نااہلی کا بڑا ثبوت ہے۔