ہری پور پولیس اور شارپ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے افسران پولیس کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

 
0
221

ہری پور 24 جون 2021 (ٹی این ایس): ہری پور پولیس اور شارپ فاؤنڈیشن کے اشتراک سے ہری پور پولیس کے افسران کے لئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں ڈی ایس پی خانپور ابرار خان اور ڈی ایس پی صدر سجاد خان کے علاوہ مختلف تھانہ جات کے ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران، جوانوں و لیڈیز پولیس اور مختلف شعبہ جات کے افسران پولیس کے علاوہ جنرل سیکرٹری وکلاء بار ہری پور بابر ریاض ایڈووکیٹ اور وکلاء نے شرکت کی۔ ورکشاپ کے دوران افسران پولیس کو ہیومن رائٹس، مہاجرین کے حقوق اور مقدمات میں تفتیش کے جدید پہلوؤں کے حوالے سے تربیت دی گئی۔ ایڈیشنل ایس پی ہری پور محمد آیاز اعوان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ورکشاپ کے موقع پر افسران پولیس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ایس پی ہری پور نے کہا کہ پولیس افسران کی تربیت میں UNCHR اور SHARP کا کردار قابل تحسین ہے۔ یہ ورکشاپ پولیس افسران کے لئے انتہائی سودمند ثابت ہو گی۔ خواتین اور بچوں سمیت معاشرے کے ہر فرد کے حقوق کے تحفظ کے لئے ہری پور پولیس عملی اقدامات کررہی ہے افسران پولیس فیلڈ کے اندر بنیادی انسانی حقوق کا ہر صورت خیال رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ افغان مہاجرین سمیت دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اشخاص کے حقوق پامال نہ ہوں۔ خواتین ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے۔ خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور درپیش مسائل کے فوری تدارک کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ورکشاپ کے اختتام پر افسران پولیس میں سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے گئے۔