اسپیکر ایوان کے محافظ ہیں ان کی ذات پر حملہ نہیں کیا جا سکتا، شاہ محمود قریشی

 
0
140

اسلام آباد 30 جون 2021 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ قوم جانتی ہے ماضی میں قومی خزانے کے ساتھ کیا ہوا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قوم کے 172 نمائندوں نے بجٹ منظور کیا۔ خواجہ آصف نے کہا ووٹ کو عزت دینی چاہیے اس بات سے اتفاق کرتے ہیں لیکن ووٹ کی عزت دونوں طرف سے ہو گی یکطرفہ نہیں کیونکہ جو لوگ حکومتی بنچز پر بیٹھے ہیں یہ بھی ووٹ لے کرآئے ہیں۔

پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کون سی پارلیمانی روایات کی بات کرتے ہیں ؟سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کو بات کرنے کا موقع نہیں دیا جاتا یہ پارلیمانی روایات ہیں ؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اسپیکر ایوان کے محافظ ہیں ان کی ذات پر حملہ نہیں کیا جا سکتا ویسے بھی حزب اختلاف کو قومی اسمبلی میں ان کے لیے مختص وقت سے زیادہ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئینہ دکھاتے ہیں دیکھتے نہیں ہیں کیونکہ سندھ کے وزیر خزانہ بحث سمیٹے بغیر چلے گئے۔ ایک سابق وزیر اعظم سب کے سامنے اسپیکر کو دھمکی دیتا ہے۔ اسپیکر کی جانبداری کی بات کی جاتی ہے لیکن اسپیکر کے صبر کو تحسین پیش کرتے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کیا سندھ میں اسٹینڈنگ کمیٹی کو چیئرمین شپ دی گئی؟ یہ بھی جمہوری قدریں ہیں کہ اکثریت کی رائے کو تسلیم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے ماضی میں قومی خزانے کے ساتھ کیا کچھ نہیں ہوا اور قوم جانتی ہے کہ آپ تاریخی خسارہ چھوڑ کر گئے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی تقریر کے دوران حزب اختلاف کی جانب سے شور شرابہ بھی کیا گیا تاہم شاہ محمود قریشی نے اپنی تقریر جاری رکھی۔