شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں, اسلام آباد ڈیڑھ گنا بڑھ چکا وزیراعظم کا کہنا

 
0
205

اسلام آباد 08 جولائی 2021 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ڈیڑھ گنا بڑھ چکا ہے لیکن کوئی پلاننگ ہی نہیں ہے، تمام شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پہلی ماحول دوست الیکٹرک بائیک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ آگے کا سوچنے والے ممالک ترقی کرتے ہیں، ہمیں نئی نسل کے مستقبل کے لیے آج پلاننگ کرنی ہوگی
وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرک وہیکل کی حوصلہ افزائی کلین اینڈ گرین مہم کا حصہ ہے، الیکٹرک وہیکل پالیسی کے تحت روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہمارے ملک میں جنگلات کم ہیں، 10 ملین درخت لگانا پڑیں گے، شہروں کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ماسٹر پلان بنانا پڑے گا، اسلام آباد ڈیڑھ گنا بڑھ چکا ہے لیکن کوئی پلاننگ ہی نہیں ہے، تمام شہروں کے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں۔ لاہور میں آلودگی سے جانوں کو خطرہ لاحق ہوگیا ہے، کوئی طویل مدتی منصوبہ نہیں ہے لیکن ہم طویل مدتی منصوبہ بندی کرنے جا رہے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شہروں میں الیکٹرک بسیں لانا پڑیں گی، موٹرسائیکلوں کا زیادہ استعمال ہے، الیکٹرک موٹرسائیکل لانا پڑیں گی۔