اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 13کنوؤں کی کھدائی کے دوران تیل نکل آیا

 
0
161

اسلام آباد 16 جولائی 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد کے سیکٹر ایچ 13 میں پانی کے لیے کنوؤں کی کھدائی کے دوران مبینہ طور پر زمین سے تیل نکل آیا ہے۔ حکام کے مطابق اس واقعے کے بعد درجن بھر رہائشیوں نے کھدائی کرکے پائپ لگا کر ’تیل‘ نکال کر اور اسے پمپ لگا کر فروخت کرنا شروع کر دیا۔

خریدنے والوں کے مطابق وہ تیل جلتا ہے یعنی پکانے کے کام تو ضرور آتا ہے تاہم اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کا کہنا تھا کہ ایسے تمام ’عارضی پمپ‘ سیل کر دیے گئے ہیں اور ’تیل‘ کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھیج دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکٹر ایچ 13میں تھانہ شمس کالونی کی حدود میں چند شہریوں کی جانب سے پانی کے لیے بورنگ کے دوران 450 فٹ کی گہرائی پر تیل نکلا تو مقامی افراد نے 12سے 14 مقامات پر بورنگ کر لی۔ ان افراد نے تیل کو نکال کر ڈرموں میں بھر رکھا تھا اور اسے فروخت بھی کر رہے تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار عبداللہ خان کی سربراہی میں انتظامیہ کی ٹیم نے جمعرات کو کاروائی کر کے ایسے تمام ’کنوئیں‘ سیل کر دیے اور 2500 لیٹرز کی کئی ٹینکیاں ضبط کر لیں۔