آصف زرداری کی ایک اور کمپنی کا سراغ لگالیا گیا،زرداری ، فریال تالپور اور عذرا فضل کی  لینڈ مارک کے نام سےکمپنی سامنے آگئی

 
0
704

اسلام آباد، ستمبر 07(ٹی این ایس): ایف آئی اے نے جعلی بینک اکائونٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کی ایک اور کمپنی کا سراغ لگالیا۔نجف قلی مرزا کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں عدالت کوبتایا گیا کہ آصف علی زرداری ، فریال تالپور اور عذرا فضل کی  لینڈ مارک کے نام سے ایک کمپنی سامنے آئی ہے۔

جعلی اکائونٹس سے زرداری گروپ کے اکاؤنٹ میں 168 ملین جمع کرائے گئے جب کہ زرداری گروپ کے اکاؤنٹس سے ایک اکائونٹ میں 100 ملین جمع کرائے گئے، لینڈ مارک کمپنی کا اکائونٹ 2013 میں سمٹ بینک میں کھلوایا گیا اور اس میں یوبی ایل اور اے بی ایل کے مختلف ناموں  سے پے آرڈر جمع کرائے گئے، 2015 میں کمپنی کے اکائونٹ میں 47 لاکھ سے زائد کی رقم جمع کرائی گئی، عدالت کو آگاہ کیا گیا ہے کہ آصف علی زرداری کی جانب سے سوال نامے کا جواب ابھی تک جمع نہیں کروایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق کھوسکی شوگر مل چھاپے کے دوران ملنے والی ہارڈ ڈرائیو سے نیشنل گیسز نامی کمپنی سامنے آئی، جعلی اکائونٹس سے بڑی رقوم جعلی دستخطوں سے نکلوائی گئیں جو اسی وقت فارن کرنسی اکائونٹ میں جمع کرائی گئی، جعلی بینک اکائونٹس میں رقم جمع کروانے والوں نے ہی نکلوائی۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اومنی گروپ اور اس کے فیملی ممبران نے 58 لاکھ پائونڈ فارن کرنسی اکائونٹ میں منتقل کیے جب کہ فارن اکائونٹ کے ذریعے اومنی گروپ کے ملزمان نے رقم بیرون ملک بھجوائی، یو اے ای میں پیسہ حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے بھجوایا گیا جس سے دوسرے ممالک میں جائیدادیں خریدی گئیں۔ رپورٹ میں مزید 8کمپنیوں کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔