ملک بھر میں 53 واں یوم دفاع و شہدا انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا، تقریبات کا انعقاد کیا گیا، شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی

 
0
1019

اسلام آباد، ستمبر 07(ٹی این ایس): ملک بھر میں 53 واں یوم دفاع و شہدا انتہائی جوش و جذبے سے منایا گیا۔یوم دفاع و شہدا کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔6 ستمبر 1965ء میں آج ہی کے دن پاکستان کی بہادر افواج نے دشمن کو کاری ضرب لگا کر منہ توڑ جواب دیا اور ثابت کیا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔اس سال یوم دفاع و شہدا کا عنوان ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ ہے۔

یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں ہو ئی جس میں وزیراعظم عمران خان نے  بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)  کی طرف  سے اس دن کی مناسبت سے خصوصی پرومو بھی جاری کئے گئے ۔ملک بھر میں یوم دفاع کے سلسلے میں خصوصی تیاریاں کی گئی تھیں، شاہراہوں پر شہدا کی تصاویر اور بینرز آویزاں کئے گئے اور خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ 6 ستمبر کے شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔