کراچی، ستمبر 07(ٹی این ایس): ایس ایس پی ضلع ملیر شیراز نذیر نے کہا ہے کہ شہدائے وطن کی قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ شہداء کی قربانیاں قابلِ فخر، قابلِ احترام ، قابلِ خراجِ تحسین اور قابلِ خراجِ عقیدت ہیں۔ وہ اپنے دفتر میں یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر پولیس کے شہداء کے اہل، خانہ کے ہمراہ منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر شہداءِ پولیس کے کمسن بچوں کا جذبہِ حب الوطنی قابلِ دید و قابلِ تحسین تھا۔ ایس ایس پی ضلع ملیر شیراز نذیر نے کہا کہ شہداء کے بچوں و اہلِ خانہ کے مسائل پر فوری اور خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ محکمہ پولیس کے ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شہداء کی بچیوں کی شادی کے لیے خصوصی فنڈ ز کے اجراء اور بچوں کی پولیس میں بھرتی سمیت تمام مسائل کو اولیت دی جا رہی ہے۔
اس موقع پر ایس ایس پی ضلع ملیر شیراز نذیر نے شہداءِ پولیس کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے، انہیں گلے لگایا اور پیار کیا۔ قبل ازیں ضلع ملیر کے تمام 17تھانوں میں شہداء کے لیے قرآن خوانی ہوئی جبکہ ایس ایس پی ضلع ملیر شیراز نذیر کی قیادت میں شہداءِ وطن کو خراج، عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی یونیورسٹی سے سفاری پارک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں موٹر وے پولیس ، ضلعی پولیس کے افسران، یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبا و طالبات، سول سوسائٹی و دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔