سی ڈی اے میں “کلین اینڈ گرین اسلام آباد” بورڈ کا اجلاس

 
0
187

اسلام آباد 16 جولائی 2021 (ٹی این ایس): جمعہ کے روز وفاقی ترقیاتی ادارے کے چیئرمین عامر علی احمد کی زیر صدارت”کلین اینڈ گرین اسلام آباد” بورڈ کا اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا، اجلاس میں ایم سی سی آ ئی ایڈمنسٹریٹر محترمہ شفق ہاشمی، سی ٹی ٹی آ ئی اسلام آباد کے نمائندگان، معروف قانون دان ریاض حینف راہی، ہارٹیکلچر سوسائٹی اسلام آباد کے نمائندگان، وزارت موسمیاتی تبدیلی کے نمائندگان سمیت ڈی جی انوائرمنٹ سی ڈی اے اور ریجنل ڈرایکٹر انوائرمنٹ نے شرکت کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دی

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو مزید خوبصورت اور پرکشش بنانے کے لیے ہر شاہراہ، چوراہا، سڑکوں کے اطراف سلوپس، گرین بیلٹس پر ایک ہی قسم کی شجرکاری کی جائے تاکہ اسکی اپنی ایک شناخت بن سکے، شجرکاری کرنے اور اسکی نگرانی کرنے کے لیے جدید تکینک کو متعارف کرایا جائے، مزید برآں ناکوں کے اطراف بھی خوبصورت شجرکاری کی جائے

دریں اثناء شجرکاری کے امور میں شہریوں کو شامل کرنے اور شہریوں کی بھر پور شرکت کو یقینی بنانے کے لیے ایک پورٹل قائم کرنے کے بھی احکامات چیئرمین سی ڈی اے نے جاری کئے، علاوہ ازیں اسلام آباد کے اندر خالی جگہوں کا سروے کیا جائے تاکہ وہاں بھی شجرکاری کی جاسکے

علاوہ ازیں چیئرمین سی ڈی اے نے مزید ہدایات دیں کہ ایس ٹی پی کے پانی کو باغبانی کے لئے استعمال کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ پودوں کی نگہداشت اور آ گاہی کے لئے ایف نائین پارک میں ہر جمعہ کو عوامی تقریب منعقد کی جائے

اس ضمن میں چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایات جاری کیں کہ بورڈ کے باضابطہ ٹی او آ رز جاری کئے جائیں اور مجودہ کمیٹی کی ازسرنو تشکیل کی جائے اور اس میں شہریوں کو براہ راست شامل بھی کیا جائے