علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 9.14 فیصد اضافہ ہوا ، سٹیٹ بینک

 
0
125

اسلام آباد 21 اگست 2021 (ٹی این ایس): علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران 9.14 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال کے دوران خطے کے ممالک افغانستان، چین ، بنگلہ دیش، سری لنکا ، ایران ، نیپال ، بھوٹان اور مالدیپ کو پاکستانی برآمدات 9.14 فیصد اضافہ سے 3.925 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں چین کو برآمدات 22.85 فیصد اضافے سے مالی سال 2020 کی 1.663 ارب ڈالر برآمدات کے مقابلہ میں مالی سال 2021 میں بڑھ کر 2.043 ارب ڈالر تک بڑھ گئیں۔

اس طرح گزشتہ مالی سال میں علاقائی ممالک سے سب سے زیادہ برآمدات چین کو کی گئی ہیں جو علاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کے 52.05 فیصد کے مساوی رہی ہیں۔ مزید برآں گزشتہ مالی سال میں افغانستان کو برآمدات 10.47 فیصد اضافہ سے 890.052 ملین ڈالر سے بڑھ کر 983.295 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

ا س طرح ایران کو برآمدات بھی 181.8 فیصد اضافے سے 0.055 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 0.155 ملین ڈالر ہو گئی ہیں جبکہ دوسری جانب بنگلہ دیش، سری لنکا اور مالدیپ کو برآمدات میں گزشتہ مالی سال کے دوران بالترتیب 11.49 فیصد، 6.50 فیصد اور 28.6 فیصد کمی کے باوجود خطے کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں مجموعی طور پر 9 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے