کراچی میں کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی، 17 مزدور جاں بحق

 
0
801

کراچی 27 اگست 2021 (ٹی این ایس): کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 17 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں واقع کیمیکل فیکٹری میں صبح 10 بجے کے قریب آگ لگی جو دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔

علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں لگی آگ کو بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں تاخیر سے پہنچیں جس کے باعث آگ پھیل گئی۔

فائر بریگیڈ کا عملہ فیکٹری میں لگی آگ بجھانے کے لیے موجود ہے اور آگ بجھانے کی کوشش کے دوران 2 فائر فائٹرز بھی زخمی ہوئے جبکہ فیکٹری کی دیواریں توڑنے کے لیے ہیوی مشینری کو بھی طلب کر لیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا بتانا ہے کہ فیکٹری میں مختلف اشیاء کے بنانے میں استعمال ہونے والا کیمیکل موجود تھا، آگ کیمیکل کے ڈرم میں لگی اور پوری فیکٹری میں پھیل گئی۔

چیف فائر آفیسر مبین احمد کا کہنا تھا کہ 13 فائر ٹینڈرز اور ایک سنارکل آگ بجھانے میں مصروف ہے، ریسکیو کی گاڑی اور واٹر بورڈ کا ٹینکر بھی موجود ہے۔

مبین احمد نے بتایا کہ فیکٹری میں داخلے کا صرف ایک ہی راستہ ہے ، فیکٹری کی چھت کے راستے پر بھی تالا لگا ہوا تھا جس کے باعث مزدوروں کو چھت یا نیچے جانے میں مشکلات پیش آئیں۔

چیف فائر آفیسر نے کہا کہ آگ کو کنٹرول کر لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے، فیکٹری میں موجود لاشیں اور زخمیوں کو ڈھونڈ رہے ہیں۔

ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ فیکٹری سے اب تک 14 مزدوروں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جس میں سے 10 لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ عینی شاہدین کا بتانا ہے کہ فیکٹری میں اب بھی لوگ موجود ہیں۔

ایڈمنسٹریٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے وقت فیکٹری میں 21 ملازم موجود تھے، 10 لاشوں کو اب تک نکالا جا چکا ہے جبکہ فیکٹری میں موجود دیگر لوگوں کی تلاش جاری ہے۔