کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکا، 3 اہلکار شہید

 
0
365

کوئٹہ 05 ستمبر 2021 (ٹی این ایس): مستونگ قومی شاہراہ پر سونا خان تھانے کی حدود میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب خود کش دھماکے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی کے ترجمان کے مطابق صبح کوئٹہ مستونگ قومی شاہراہ پر سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب موٹر سائیکل سوار خود کش بمبار نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا لیا۔

انہوں نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 3 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ 20 کے قریب زخمی ہوئے جنہیں کوئٹہ کے ایف سی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق خود کش حملے میں 5 سے 6 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔

دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھا کرنے اور تفتیش کا آغاز کردیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل کوئٹہ اظہر اکرم نے دھماکے کے نتیجے میں3 افراد کے جاں بحق اور 15 زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔