لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا

 
0
7114

لاہور جولائی27 (ٹی این ایس ) لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا رہا اور شاہراؤں پر ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لاہور میں صبح کے وقت سے ہی شدید گرمی اور حبس تھا لیکن دوپہر کے وقت آسمان پر کالے بادلوں نے ڈیرہ ڈال لیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں جس سے گرمی کی شدت میں نمایاں کمی ہوئی جس پر گرمی سے پریشان اور بے حال لوگوں نے بارش ہوتے ہی سکھ کا سانس لیا ۔شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور تفریح گاہوں اور کھانے پینے والے مقامات کا رخ کر لیا ۔تاہم بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی بھی جمع ہو گیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا ۔ جبکہ مختلف شاہراؤں پر ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی ۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ مزید کچھ روز تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔