طالبہ خدیجہ صدیقی پر قاتلانہ حملہ کیس ،فارنزک ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ عدالت میں جمع

 
0
38447

لاہور جولائی27 ( ٹی این ایس ) طالبہ خدیجہ صدیقی پر قاتلانہ حملے کے کیس کی سماعت کے دوران خدیجہ کی فارنزک ڈی این اے ٹیسٹ رپورٹ عدالت میں جمع کرادی گئی۔لاہور کی کینٹ کچہری میں رپورٹ پیش کی گئی ۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کے ہیلمٹ سے ملا خون خدیجہ کے خون کے نمونے سے مطابقت رکھتا ہے جبکہ ہیلمٹ کے اندر ملزم شاہ حسین کے پسینے کے نمونے بھی ملے۔ رپورٹ کے مطابق ہیلمٹ کے اندر اور باہر سے خدیجہ کے خون کے نمونے بھی ملے ہیں۔خدیجہ حملہ کیس میں ملزم شاہ حسین، ایڈووکیٹ تنویر ہاشمی کے بیٹے ہیں جن کے خلاف اقدام قتل کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔خدیجہ کے وکیل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں رپورٹ ملی ہے جس کے لئے ہم نے کئی بار درخواست کی جبکہ فارنزک ٹیسٹ نے ثابت کردیا ہے کہ خدیجہ کو شاہ حسین نے مارا۔خدیجہ کے وکیل نے ایڈووکیٹ تنویر ہاشمی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہاشمی صاحب، آپ کا فرض بنتا تھا کہ آپ اپنے بیٹے کی تربیت کرتے، آپ نے اپنے بیٹے کے ساتھ کھڑے ہو کر اس کا دفاع کیا اور الزام لگایا کہ چیف جسٹس خدیجہ سے ملے ہوئے ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال 3 مئی کو نجی لا کالج کی طالبہ خدیجہ صدیقی کو ان کے ہم جماعت شاہ حسین نے مبینہ طور پر اس وقت حملے کا نشانہ بنایا جب وہ اپنی چھوٹی بہن کو اسکول سے گھر واپس لانے کے لیے گاڑی میں بیٹھی ہی تھیں کہ ہیلمٹ پہنے شخص نے انہیں خنجر کے وار سے شدید زخمی کردیا تھا۔ادھر چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے 24 مئی کو جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسین اعوان کو روزانہ کی بنیاد پر کیس کی کارروائی کرتے ہوئے 30دن میں ٹرائل مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔