وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے پنڈ دادنخان میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کر دیا

 
0
299

اسلام آباد 02 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے ہفتہ کو پنڈ دادنخان کا دورہ کیا اور سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے مختلف منصوبوں کا افتتاح کیا۔ یہ منصوبے محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب کی طرف سے شروع کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے 3.5 کلو میٹر طویل چک مجاہد تا کریم پورہ سڑک کی بحالی، سیکشن راجہ فخر ہائوس تا کریم پور 1.50 کلو میٹر سڑک کی تعمیر کے منصوبہ کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے پر ایک کروڑ 34 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ انہوں نے چک مجاہد تا ڈیرہ جٹاں 0.8 کلو میٹر طویل سڑک کی بحالی کے منصوبہ کا بھی افتتاح کیا جس پر 94 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ وفاقی وزیر اطلاعات نے 11.156 ملین روپے کی لاگت سے مین پنڈ دادنخان، جہلم روڈ تا پپلی، رتووال، 12.403 ملین روپے کی لاگت سے غریب وال تا ککڑ پنڈی و پنڈی بکھ روڈ، 172.277 ملین روپے کی لاگت سے کنڈل تا ڈھوک ولیال روڈ، 13.735 ملین روپے کی لاگت سے کریم پورہ تا کانیانوالہ روڈ اور 24.599 ملین روپے کی لاگت سے للا تا کنڈل روڈ منصوبے کا افتتاح کیا۔ سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ان منصوبوں سے علاقے میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات نے علاقے میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کو بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ اپنی خدمات سکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کے لئے وقف کر دیں۔