صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایشیئن انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے صدر جن لیکون کی ملاقات

 
0
243

اسلام آباد دسمبر 17 (ٹی این ایس): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایشیئن انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (اے آئی آئی بی) کے صدر جن لیکون نے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایشیئن انفراسٹرکچر بینک کے صدر نے کہا کہ ان کا بینک پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے حوالہ سے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ انہوں نے صدر مملکت کو بتایا کہ اے آئی آئی بی نے حکومت پاکستان کی ترجیحات کے مطابق متعدد ترقیاتی منصوبوں کو فنانس کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
موجودہ دورہ سے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ضروریات کے ساتھ ساتھ حکومت کی ترجیحات کو بھی سمجھنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے اے آئی آئی بی کی پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں میں معاونت کے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں کاروبار کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے اور غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے سلسلہ میں جامع فریم ورک فراہم کرنے کیلئے پاکستان کی سرمایہ کاری پالیسی تشکیل دی گئی ہے۔ انہوں نے اے آئی آئی بی کی جانب سے ایم 4 گوجرہ۔شورکوٹ موٹروے کیلئے 10 کروڑ ڈالر اور تربیلا V ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 30 کروڑ ڈالر کی فنڈنگ کی فراہمی کو سراہا۔