وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی افغانستان کےعبوری وزیر اعظم ملاحسن آخوند سے ملاقات

 
0
276

اسلام آباد 21 اکتوبر 2021 (ٹی این ایس): وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان کےعبوری وزیر اعظم ملاحسن آخوند سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان،افغانستان میں دیرپا امن اوراستحکام کاخواہاں ہے۔

کابل میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی افغانستان کےعبوری وزیر اعظم ملاحسن آخوند سے ملاقات ہوئی ، ملاقات میں افغان عبوری حکومت کے وزیر خارجہ امیر خان متقی بھی موجود تھے جبکہ اعلیٰ عسکری قیادت وپاکستانی وفد کے دیگر اراکین بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،تجارتی و اقتصادی شعبہ جات میں تعاون سمیت افغان عوام کومعاشی بحران سے نکالنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملا حسن آخوند نے شاہ محمودقریشی اور وفد کو کابل آمدپرخوش آمدید کہا ، اس موقع پر شاہ محمودقریشی نے کہا پاکستان افغانستان میں دیرپا امن اوراستحکام کاخواہاں ہے اور انسانی بنیادوں پرافغان بھائیوں کی مددکیلئےپرعزم ہے۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان کےساتھ دو طرفہ تجارت بڑھانے کا متمنی ہے اور پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

افغانستان کےعبوری وزیر اعظم ملاحسن آخوند نے انسانی امداد کی بروقت فراہمی پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔