پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کا شدید احتجاج

 
0
126

اسلام آباد 05 نومبر 2021 (ٹی این ایس): قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

قومی اسمبلی میں ارکان نے پلے کارڈ لیکر شیم شیم کی آوازیں لگائیں۔ مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف نے ایوان میں مہنگائی پر بحث کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رات کے اندھیرے میں پٹرول بم گرایا گیا، 160 روپے کی چینی ہوگئی، یہ کیسی حکومت اور کونسے وعدے ہیں۔ انہوں نے مذہبی جماعت کیساتھ خفیہ معاہدہ کو بھی ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کردیا۔

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ اس وقت ملک کے وجود کو بھی خطرہ ہے، یہ کل تک جو انکے ہیرو تھے آج یہ انکے ساتھ خفیہ معاہدے کرتے ہیں، اسکے بعد حکومت کے پلے کیا رہ گیا ہے؟جو انکوائری ہوئی اور جو معاہدے ہوئے ان کر ایوان میں بحث کرائی جائے۔

ادھر حزب اختلاف کی جماعتوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ سینیٹ میں بھی اٹھایا۔

اپوزیشن نے وزیراعظم کی جانب سے اعلان کردہ ریلیف پیکیج کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف پیکیج کی نہیں بلکہ ضروری اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں کمی کی ضرورت ہے۔

اپوزیشن نے شورشرابہ و نعرے بازی کی اور ارکان ایوان سے واک آؤٹ کرگئے۔ کورم مکمل نہ ہونے پر اجلاس پیر کی شام تک ملتوی کردیا گیا۔