کینٹ ایریاز سے نجی تعلیمی اداروں کی بےدخلی سے ہزاروں طلبا معیاری تعلیم سے محروم ہو جائیں گے،چیف جسٹس از خود نوٹس لیں ۔
ایسوسی ایشن ملک کے کونے کونے تک پھیل چکی ہے
آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر کاچکلالہ زون کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب
راولپنڈی 14 نومبر 2021 (ٹی این ایس): آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن نے ہمیشہ نجی تعلیمی اداروں کے حقوق کے لیے مضبوط موقف اختیار کیا ہے، آئندہ بھی پرائیویٹ سیکٹر کے حقوق کے حصول پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ایسوسی ایشن ملک کے کونے کونے تک پھیل چکی ہے ،گلگت سے کراچی تک کوئٹہ سے پشاور تک اور گوادر سے کشمیر تک نجی تعلیمی اداروں کے مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور کہا ہے کہ کینٹ ایریاز سے نجی تعلیمی اداروں کی بے دخلی کا چیف جسٹس ازخود نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے چکلالہ زون کے نو منتخب عہدیداران کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں کیا۔ فیڈرل بورڈ کے امیدوار برائے بورڈ آف گورنرز محمد اشرف ہراج، عبدالرحیم، ذوالفقار صدیقی، ڈویژنل صدر عرفان مظفر کیانی، گل زبیر، ملک حفیظ الرحمان،ملک فضل، انجینئر عامر علی رضا، ماجد فیاض، عامر صدیق سمیت کثیر تعداد میں نجی تعلیمی اداروں کے مالکان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملک ابرار حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں 64 فیصد بچے نجی شعبہ میں زیر تعلیم ہیں ،ملکی معاشی و سماجی ترقی میں نجی شعبہبکو اہنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے تعاون سےہم پرائیویٹ سیکٹر کا کسی صورت استحصال نہیں ہونے دیں گے۔نجی اداروں کے حقوق کے لیے واحد نمائندہ جماعت آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کا ساتھ دیں کوئی مائی کا لعل آپ کے کسی بھی جائز کام میں رکاوٹ نہیں ڈال سکے گا۔انہوں نے کہا کہ کوروناسے متاثرہ نجی تعلیمی ادارے تاحال حکومت کے لئے اعلان کردہ ریلیف پیکیج کے منتظر ہیں ۔کنٹونمنٹ ایریاز سے پرائیویٹ سکولوں کی بے دخلی سے نجی شعبہ تباہی کا شکار جبکہ بچے معیاری تعلیم سے محروم ہو جائیں گے اس لیے چیف جسٹس آف پاکستان سے درخواست ہے کہ اس معاملہ کا ازخود نوٹس لیں۔اس موقع پر چکلالہ سیکٹر کے نومنتخب عہدیداران صدر ملک فضل حسین، سینئر نائب صدر بابر سعید، نائب صدر ڈاکٹر ماجد فیاض، جنرل سیکرٹری انجینئرعامر علی رضا، جوائنٹ سیکرٹری ملک عامر صدیق، فنانس سیکرٹری حافظ اسد رسول، انفارمیشن سیکرٹری قاضی کاشف،نائب صدر خواتین ونگ وسیمہ فاروق سے حلف لیا۔ قائدین نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔