فرسودہ نظام کے خاتمے کےلیے ای وی ایم کا استعمال چاہتے ہیں: شاہ محمود قریشی

 
0
151

اسلام آباد 20 نومبر 2021 (ٹی این ایس): رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ای وی ایم کے ذریعے انتخابات کرا کر دھاندلی کا لفظ ختم کرنا چاہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ای وی ایم سے انتخابات چاہتے ہیں
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرسودہ نظام کے خاتمے کےلیے ای وی ایم کا استعمال چاہتے ہیں اسی لیے کوشش کررہے ہیں کہ شفاف انتخابات کےلیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیں۔

ای وی ایم سے متعلق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں دھاندلی جیسے الزامات نہ لگائے جائیں اور یہ صرف ای وی ایم کے ذریعے ممکن ہے جس کے بعد دھاندلی کا لفظ ہی ختم ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت ہیں اور جب وہ اربوں کا زرمبادلہ بھیج سکتے ہیں تو ووٹ کیوں نہیں، جمہوریت جب مضبوط ہوتی جب ہر شہری کو ووٹ کا حق دیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے کر موجودہ حکومت نے تاریخ رقم کی ہے۔