سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان ڈپازٹ معاہدہ طے پاگیا

 
0
297

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے در میان ایک ڈپازٹ معاہدے پر آج دستخط کیے گئے جس میں سعودی عرب کی نمائند گی سعودی فنڈ براۓ ترقی اور پاکستان کی نمائند گی اسٹیٹ بینک نے کی۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معاہدے پر سعودی فنڈ کے چیف ایگز یکٹو آفیسر سلطان بن عبد الرحمن المرشد اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کراچی میں دستخط کیے۔

اعلامیے کے مطابق ڈپازٹ معاہدے کے تحت سعودی فنڈ اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالرز رکھوائے گا اوریہ رقم اسٹیٹ بینک کے زر مبادلہ ذخائر کا حصہ بن جائے گی، یہ رقم ملکی زر مبادلہ ذخائر میں معاونت کرے گی اور کو رونا وبا کے منفی اثرات دور کرنے میں مددگار ثابت ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق ڈپازٹ معاہدہ مضبوط اور خصوصی تعلقات کا عکاس ہے اور یہ دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو فروغ دے گا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالرز کے سپورٹ فنڈ کا اعلان کیا ہے، یہ رقم سعودی فنڈ برائے ترقی اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کرائے گا۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ سعودی عرب ایک سال کے دوران ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی مد میں 1.2 ارب ڈالرز کی فنانسنگ بھی فراہم کرے گا۔