او آئی سی اجلاس، سی ڈی اے کا شہر اقتدار کی خوبصورتی کو چارچاند لگانے کا فیصلہ

 
0
313

اسلام آباد 30 نومبر 2021 (ٹی این ایس): اسلام آباد،وفاقی ترقیاتی ادارے (سی ڈی اے ) نے اسلامی تعاون تنظیم کے اسلام آباد میں ہونیوالے اجلاس کیلئے شہر اقتدار کی خوبصورتی کو اجاگر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اسلام آباد کے ریڈزون اور پارلیمنٹ ہائوس کی طرف جانے والے راستوں اور نئے اور پرانے ایئرپورٹ سمیت مرکزی شاہرائوں کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ،سرینگر ہائی وے ،ایکسپریس وے پر خیر مقدمی بینرز اور جھنڈے آویزاں ،کرب سٹونز پر رنگ اور سڑکوں پر لین مارکنگ بھی کی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے موجودہ سربراہ کی حیثیت سے افغانستان کی صورتحال پر بحث کیلئے 15سے18دسمبر تک پاکستان میں خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے،پاکستان نے 17دسمبر 2021 کو اسلام آباد میں اجلاس کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ اجلاس پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔اس موقع پر اعلیٰ سطح کے ہونے والے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پرانا اور نیا ایئرپورٹ ،سری نگر ہائی وے اوراسلام آباد ہائی وے میں خیر مقدمی بینرز اور جھنڈے لگائے جائیں گے ، علاوہ ازیں کرب سٹونز پر رنگ اور سڑکوں پر لین مارکنگ بھی کی جائے گی۔اس کے علاوہ خیان سہروردی سے گلوب چوک تک ،کانسٹیٹیویشن ایو نیو سے گلاب چوک تک ،آغا خان روڈ ،ایف سکس سپر مارکیٹ تک خیر مقدمی بینرزاور کرب سٹونز پر رنگ ، سڑکوں پر لین مارکنگ لگائے جائیں گے جبکہ جناح سپر مارکیٹ کے احاطے میں مختلف جگہوں پر خیر مقدمی بینرز اور جھنڈے لگانے کے ساتھ ساتھ جو روڈز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ان پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔