سری لنکا نے پاکستانی مؤقف اور بروقت کارروائی کی تحسین کی، شاہ محمود قریشی

 
0
158

اسلام آباد 05 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سیالکوٹ واقعے سے سری لنکا اور پاکستان کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود کا کہنا تھاکہ سیالکوٹ کا واقعہ افسوسناک ہے، ہم نے واقعے کی مذمت بھی کی اور نوٹس بھی لیا۔

ان کا کہنا تھاکہ سیکرٹری خارجہ کی سطح پر سری لنکا کیساتھ مکمل رابطہ ہے جبکہ میرا سری لنکا کے وزیر خارجہ سے رابطہ ہوا ہے، سری لنکا نے پاکستانی مؤقف اور بروقت کارروائی کی تحسین کی، واقعے کی انکوائری کیلئے 48 گھنٹوں کی مہلت دی گئی ہے۔

وزیر خارجہ نے بتایا کہ سری لنکا کو اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے ، ایسے اقدامات کی ہمارے ایمان اور ملک میں کوئی جگہ نہیں، واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ سیالکوٹ کا واقعہ افراد کی کارروائی ہے حکومت کی نہیں، واقعے سے سری لنکا اور پاکستان کے تعلقات متاثر نہیں ہوں گے جبکہ اس واقعے نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ وزیراعظم سیالکوٹ معاملے کی نگرانی کر رہے ہیں، فیکٹری منیجر کی فیملی کے ساتھ بھی رابطے میں ہیں، مقتول فیکٹری منیجر کی فیملی کی مکمل تشفی کریں گے۔