اسلام آباد (ٹی این ایس) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے بھاری رشوت کے عوض شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے و امیگریشن کلیرینس کی کوشش ناکام ہوگئی جب کہ ایف آئی اے امیگریشن کے اے ایس آئی سمیت دو اہلکار گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون شہزاد ندیم بخاری کی کرپشن و بدعنوانی میں ملوث عملے کے بارے میں زیرو ٹالرینس پالیسی و ہدایات کے تحت نیو اسلام آباد پر امیگریشن عملے کے ڈیوٹی کے دوران موبائل فون پاس رکھنے اور استعمال پر سختی سے پابندی عائد کی گئی۔اس دوران کچھ اسٹاف ممبران کی جانب سے پابندی کی خلاف کی شکایت ملنے پر شہزاد ندیم بخاری کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن اسلام آباد ائرپورٹ سلمان لیاقت نے سرپرائز چیکنگ کی تو ایف آئی اے امیگریشن کے اے ایس آئی ندیم ارشد اور ہیڈ کانسٹیل مجاہد علی دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال کرتے پائے گے۔دونوں کے موبائل فون چیک کئے گئے تو وہ بیرون ملک جانے والے مسافروں اور مختلف ایجنٹوں سے رابطے میں تھے۔اسی طرح ملزمان کے موبائل فونز سے غیر قانونی امیگریشن سے متعلق اہم شواہد برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا تھا ملزمان بھاری رقوم کے عوض لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ملوث پائے گے جنہیں گرفتار کرلیا گیا۔ملزمان شہریوں کو فلپائن اور ازبکستان بھجوانے کے نام پر فی کس 50 ہزار روپے میں ڈیل کرتے تھے۔ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان کیموبائل فون سے ملین روپے کی ٹرانزیکشن کا ریکارڈ برآمد کر لیا گیا۔ملزمان بھاری رقوم کی وصولی کے لئے مائیکروفنانس اکاونٹس کا استعمال کرتے تھے ، حکام کا کہنا تھاکہ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام اباد نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا اور ملزمان کو عدالت پیش کرکے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا گیا، ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔













