ملک کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے، وزیر داخلہ شیخ رشید

 
0
457

اسلام آباد 08 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے اگرنواز شریف وطن واپس آنا چاہتے ہیں تو ان کو 24 گھنٹوں میں تمام مطلوبہ دستاویزات گھر پر فراہم کریں گے، ای پاسپورٹ شروع کیا جارہا ہے، 191 ممالک کو آن لائن پاسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں ،پی ڈی ایم 23 کی بجائے 30مارچ کو احتجاج کرلے ، ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں مختلف نئے اقدامات کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ 100 دنوں میں ای پاسپورٹ پاکستان میں شروع ہوجائے اور آئندہ سال کے آغاز پر ای پاسپورٹ کی سہولت مل سکے، شہریت کی منسوخی اور ایمرجنسی سفری دستاویزات کی آن لائن سہولت بھی فراہم کررہے ہیں۔

ای پاسپورٹ کے حوالے سے رکاوٹ دور کرلی گئی ہے، ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں منی لانڈرنگ اورڈالر بحرا ن پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے پاکستان میں جو بھی غریبوں کا خون چوستے ہیں ان کے خلاف کارروائی کریں گے،ملک کی بدنامی کا باعث بننے والوں پرہاتھ ڈالا جائے گا،رانا شمیم کا نام پی این آئی ایل میں ڈال دیا ہے اور ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے، جس کے لئے اجلاس ہوگا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگوں کو 24 گھنٹوں میں پاسپورٹ مل رہا ہے اگر نواز شریف بھی واپس آنا چاہتے ہیں اور ان کو بھی پاسپورٹ چاہئے تو انہیں بھی 24 گھنٹوں میں تمام مطلوبہ دستاویزات ان کے گھر پہنچا سکتے ہیں لیکن وہ نہیں آئیں گے۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم 23 کی بجائے 30 مارچ کو احتجا ج کر لے کیونکہ 23 مارچ کی تیاری اور پریڈ کے حوالے سے جی ٹی روڈ پر نقل و حمل ہوتی ہے ، میں نہیں چاہتا کہ اس حوالے سے کو ئی شکایت پیدا ہو، پی ڈی ایم نے کمپنی کی مشہوری کیلئے 4ماہ کا ٹائم دیا ہے، اپوزیشن صحیح طریقے سے تحریک چلانے کا انتخاب نہیں کرسکی جس سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اوورسیز پاکستانیوں کی تعداد 1 کروڑ ہے،سمندر پار پاکستانیوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات دیں گے، 191ممالک میں آن لائن پاسپورٹ کی سہولت دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو افغانستان میں انسانی بحران اور وہاں بھوک کے مسائل سے آگاہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 14 دسمبر تک وہ اپنی وزارت، ایف آئی اے ، نادرا پاسپورٹ اور نیکٹا کی کارکردگی رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر توجہ دے رہے ہیں اورنیشنل ایکشن پلان کے حوالے سے قوم کوآگاہ رکھیں گے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ طویل عرصہ بیرون ملک قیام کرنے والے افسروں کو واپس لایا جائے گا،انکی جگہ نئے افسربھیجیں گے، جن افسران نے بیرون ملک دس دس سال گزارے ان کو تبدیل کررہے ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چمن،طورخم پربہترین انداز میں آمدروفت ہورہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے دو دو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ رکھے ہوئے ہیں ان کو مہلت دی ہے جس کے بعد ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ رولز کے مطابق کوئی افسرایف آئی اے میں ایک سیٹ پر 3 سال سے زیادہ نہیں رہ سکتا، اسلام آباد پولیس میں بھرتیوں کا عمل جلد شروع ہوگا2ہزار پولیس اہلکار میرٹ پربھرتی کریں گے۔