ہزارہ کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی خوش آئند ہے، چیئرمین سینیٹ کی صوبہ ہزارہ تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

 
0
176

اسلام آباد 08 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے صوبہ ہزارہ تحریک کی ایگزیکٹو کونسل کے وفد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں خطہ ہزارہ کو درپیش مسائل اورترقیاتی عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے اور علاقائی محرومیوں کا ازالہ کرنے کے لیے ایوان بالا اپنا آئینی اور قانونی کردار ادا کرتا رہے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ کی سطح پر بھرپور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ ایوان بالا نہ صرف صوبائی اکائیوں بلکہ مختلف علاقوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فعال کردار ادا کرتا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی محرومیوں اور برابری کی سطح پر ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری قانون سازی کے لیے تجاویز دی جائیں، خطہ ہزارہ کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی خوش آئند ہے۔ وفد میں مرتضیٰ جاوید عباسی، سینیٹر طلحہ محمود، سردار محمد یوسف اور دیگر رہنما شامل تھے۔