وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم نا اہل ہے: پی پی پی

 
0
126

اسلام آباد 10 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزرا نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی پوری ٹیم نا اہل ہے۔

صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور اس کے ترجمان غلط بیانی کے سوا کچھ نہیں کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت غربت مٹانے کے بجائے غریبوں کو مٹا رہے ہیں۔

انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ملک بچانے کے لیے نکلے ہیں، عوام ان کا ساتھ دیں۔

سندھ کے وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے بھی وفاقی حکومت پرسخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک شخص نے کہا تھا کہ خودکشی کرلوں گا لیکن قرضہ نہیں لوں گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف سے قرضہ لے لیا مگر خود کشی نہیں کی جب کہ آج اسی شخص کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں۔

پی پی کراچی کے صدر سعید غنی نے کہا کہ غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے اور ہرماہ پیٹرول کی قیمت میں چار روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔