پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم خبرسامنے آگئی

 
0
91

اسلام آباد 15 دسمبر 2021 (ٹی این ایس): آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دے دی تاہم نئی قیمتوں کا اعلان آج کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری تیار کر لی۔نجی ٹی وی کے مطابق اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق تین تجاویز تیار کیں ہیں۔سمری میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 8 سے 10 روپے فی لیٹر کمی کی تجویز دی ہے۔اوگرا ذرائع کے مطابق لیوی ٹیکس بڑھانے کی صورت میں 4 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے جب کہ ٹیکس دوگنا کرنے کی صورت میں قیمتیں برقرار رکھی جا سکتی ہیں۔عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 74 ڈالر فی بیرل رہی، گزشتہ ماہ کی نسبت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 10 فیصد تک کمی آئی ہے۔حکومت نے گزشتہ 13 دن میں 68 تا 74 ڈالر فی بیرل تیل خریدا ہے اور عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں کمی بنتی ہے۔آئندہ پندرہ روز کیلئے نئی قیمتوں کا اعلان اج وزیر اعظم عمران خان کی منظوری سے کیا جائے گا۔