دہشت گردی پورے خطے اور دنیا بھرکے لیے خطرہ ہے،عرب ممالک کے وزرائے خارجہ اجلاس سے خطاب

 
0
406

منامہ جولائی 30(ٹی این ایس ) خلیجی ریاست بحرین کے فرمانروا حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی پورے خطے اور دنیا بھرکے لیے خطرہ ہے۔ جب تک دہشت گردی کے سوتوں کو خشک نہیں کیا جائے اس وقت تک دہشت گردی کا خطرہ ختم نہیں ہوسکتا۔عرب ٹی وی کے مطابق شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ نے ان خیالات کا اظہار چار عرب ممالک کے وزراء خارجہ سے ملاقات کے موقع پرکیا۔ سعودی عرب، متحدہ امارات اور مصر کے وزراء خارجہ نے منامہ میں الصخیر شاہی محل میں بحرینی فرمانروا سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بحرینی وزیرخارجہ الشیخ خالد بن احمد بن محمد آل خلیفہ بھی موجود تھے۔عرب وزرائے خارجہ کے اجلاس میں بھی دہشت گردی کی سازشیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔بحرینی فرمانروا نے چار عرب ممالک سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر کے درمیان دہشت گردی کے خلاف کوششوں میں ہم آہنگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی مالی معاونت اور ان کی سیاسی پشت پناہی کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے۔ دہشت گردی خطے میں بدترین انسانی بحرانوں کا باعث بنی ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ہے کہ دہشت گردی سے متاثرہ لاکھوں افراد جلد اپنے گھروں کو واپس ہوں گے۔عرب وزرائے خارجہ سے بات کرتے ہوئے بحرینی فرمانروا نے کہا کہ چار عرب ممالک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اپنی اقوام کے دفاع کے لیے غیرمعمولی قربانیاں دی ہیں۔ ہم آج بھی خلیج تعاون کونسل کے فورم سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ملک یا حکومت کو خطے کے وامن سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب اور دوسرے ملکوں کی مساعی کا بھی خیر مقدم کیا۔