آنے والے سیزن میں 120روپے فی من سے زیادہ قیمت پر گنا نہیں خرید سکیں گے‘ شوگر ملز ایسوسی ایشن

 
0
2574

لاہورجولائی30 (ٹی این ایس )پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے پیشگی آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں سے آنے والے سیزن میں 120روپے فی من سے زیادہ قیمت پر گنا نہیں خرید سکیں گے۔ایسوسی ایشن کا ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی کی ریکارڈ پیداوار اور سالانہ ملکی ضروریات پوری ہونے کے بعد 55فیصد سے زائد چینی کے ذخائر اس وقت ملوں میں موجود ہیں۔ زائد ذخائر میں سے چینی کی ایکسپورٹ کے لئے مختص کیا جانے والا ناکافی کوٹہ اس مسئلے کا حل نہیں کیونکہ گزشتہ چند ماہ کے دوران بین الاقوامی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 33فیصد نیچے آ چکی ہے چنانچہ حکومت کے مقررکردہ 188روپے فی من کے حساب سے خریدے گئے گنے کی چینی اس قیمت پر برآمد نہیں ہو سکتی۔ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ جب تک حکومت درکار کوٹے کے مطابق فاضل چینی برآمد کرنے پر بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق سبسڈی نہیں دیتی کاشتکاروں کو رقوم کی ادائیگی ممکن نہیں ہو سکے گی ۔مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں ادائیگیاں نہیں کر سکتے بلکہ یہ حالات مزید بد تر ہو سکتے ہیں کیونکہ آنے والے سیزن میں ہم کاشتکاروں سے 120روپے فی من سے زیادہ قیمت پر گنا خریدنے کی پوزیشن میں نہیں ہوں گے۔ ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ فاضل چینی برآمد کرنے کے لئے ایک جامع پالیسی وضع کی جائے ، چینی کی برآمد پر بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق سبسڈی دی جائے تاکہ لاکھوں کسانوں کو مالی تحفظ دیتے ہوئے آنے والے سیزن کو متوقع بحران سے محفوظ رکھا جا سکے۔