ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ کیلنڈرسال کے دوران پاکستان کو2.3 ارب ڈالرکی معاونت فراہم کی

 
0
206

اسلام آباد 08 جنوری 2022 (ٹی این ایس): ایشیائی ترقیاتی بینک نے گزشتہ کیلنڈرسال کے دوران پاکستان کو مجموعی طورپر2.3 ارب ڈالرکی معاونت فراہم کی ہے۔یہ بات ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرینگ یی نے اپنے ایک پیغام میں کہی ہے۔

اپنے وڈیوپیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمگیروبا سے نمٹنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کے ساتھ مل کرکام کررہاہے۔

انہوں نے کہاکہ کیلینڈرسال 2021 میں پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان معاونت کا حجم 2.3 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاہے جس سے پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان پائیدارشراکت داری کی عکاسی ہورہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان پائیدارنموکے حصول کیلئے اقتصادی، زری اورمالیاتی اصلاحات پرعمل پیرا ہے جس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے۔ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 2021-25 پارٹنرشپ سٹریٹجی وضع کی گئی ہے جس کا بنیادی مقصد پاکستان کو مختلف شعبوں میں معاونت فراہم کرناہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک ویکسینیش، سماجی تحفظ، سرکاری شعبہ کے انتظام وانصرام، نجی شعبہ کولچکداربنانے اورماحولیاتی تحفظ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گے