مری کو ضلع کا درجہ دینے اور اس کا نیا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز

 
0
103

اسلام آباد 10 جنوری 2022 (ٹی این ایس): راولپنڈی کی تحصیل مری کو ضلع کا درجہ دینے اور اس کا نیا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے کہ سیاحتی علاقے کے لیے کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مری کو ضلع کوہسار بنانے کے قیام اور کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لیے ہدایات جاری کیں۔

ذرائع کے مطابق ضلع کوہسار کی حد بندی کے لیے بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کر لی گئی ہیں، کون کون سے علاقے نئے ضلع میں شامل ہوں گے اس حوالے سے تجاویز پر کام جاری ہے، چیف سیکرٹری اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تجویز کردہ ضلع کوہسار کے علاقے کی حد خیبر پختونخوا تک ہو گی جبکہ راولپنڈی ضلع کی حدود بھی نئے سرے سے طے کی جائیں گی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعلی پنجاب نے متعلقہ حکام کو ارکان اسمبلی سے مشاورت کی ہدایت کر دی ہے، کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی تعمیر و ترقی، ریسکیو اور ریلیف کی ذمہ دار ہو گی جبکہ نئے ضلع کو مشینری خریدنے کے لیے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل مری میں پیش آنے والے سانحے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے دورہ مری کے موقع پر ملک کے سیاحتی مقام کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا۔