پاکستان کی معیشت نسبتاً بہتری کے راستے پر گامزن ہے۔ اقوام متحدہ

 
0
171

اسلام آباد 15 جنوری 2022 (ٹی این ایس): اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت نسبتاً بہتری کے راستے پر گامزن ہے۔عالمی اقتصادی صورتحال اور امکانات کے حوالے سے جاری کردہ سالانہ رپورٹ میں اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 2021 میں پاکستان کی معیشت 4.5 فیصد کی شرح سے بہتر ہوئی ہے جبکہ 2022 میں جی ڈی پی میں اضافہ 3.9 فیصد رہنےکی توقع ہے۔

معیشت میں نجی طلب، بیرون ملک سے ریکارڈ ترسیلات زر اور مالی معاونت کی وجہ سے بہتر رہی ۔ اقوام متحدہ کے شعبہ اقتصادی اور سماجی امور کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں ایسے مسائل کے انبا ر کا حوالہ دیا گیا ہے جو عالمی معیشت کی سست روی کا باعث بن رہے ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ عالمی معیشت میں سست روی اگلے سال تک جاری رہے گی۔ 2021 میں 5.5 فیصد کی حوصلہ افزا معاشی نمو کے بعد صارفین کی طرف سے اخراجات میں بہتری اور سرمایہ کاری میں اضافہ کے ساتھ عالمی پیداوار میں 2022 میں صرف 4.0 فیصد اور2023 میں 3.5 فیصد اضافے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے اجراء پر تبصرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرس نے کہا کہ ڈبلیو ای ایس پی کی جانب سے بہتر ٹارگٹڈ اور مربوط پالیسی اور مالیاتی اقدامات کے مطالبے کے ساتھ اب وقت آگیا ہے کہ ممالک کے اندر اور ان کے درمیان عدم مساوات کے فرق کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے کہااگر ہم یکجہتی کے ساتھ ایک ہو کر کام کریں تو ہم 2022 کو لوگوں اور معیشتوں کے لیے یکساں بحالی کا حقیقی سال بنا سکتے ہیں۔

اقوام متحدہ کے اقتصادی اور سماجی امور کے شعبہ کے انڈر سیکرٹری جنرل لیو ژینمن نے کوویڈ 19 پر مشتمل ایک مربوط، پائیدار عالمی نقطہ نظر کی طرف توجہ مبذول کروائی جس میں ویکسین تک عالمی رسائی شامل ہے اور خبردار کیا کہ اس کے بغیروبائی بیماری عالمی معیشت کی جامع اور پائیدار بحالی کے لیے سب سے بڑا خطرہ لاحق رہے گی۔