وزیراعظم عمران خان سے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ،وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائےسائنس و ٹیکنالوجی سید شبلی فراز کی ملاقات

 
0
4124

اسلام آباد 24 جنوری 2022 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کے ساتھ اپنی رابطہ مہم تیز کریں اور عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ بہتر بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی ،وزیر دفاع پرویز خٹک اور وفاقی وزیر برائےسائنس و ٹیکنالوجی سید شبلی فراز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پی ٹی آئی کے تحصیل چیئرمین گمبٹ اور کوہاٹ ساجد اقبال بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ضلع کوہاٹ میں پارٹی کی تنظیم سازی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف عوام کے ساتھ اپنی رابطہ مہم کو تیز کریں بلکہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بھی بہتر بنائیں۔اس موقع پر آزادمنتخب ہونے والے تحصیل چیئرمین لاچی، کوہاٹ محمد احسان اور کوہاٹ سٹی میئر کے آزاد امیدوار شفیع اللہ نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

دونوں رہنماؤں نے وزیراعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی میں شمولیت پر ان کاخیرمقدم کیا اور توقع ظاہر کی وہ حلقے کے لوگوں کی بہتری کے لئے بھرپور کام کریں گے۔